ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں بقرعید کے موقع پر قربانی کے جانوروں کے فضلات کو بحسن و خوبی رفع کرنے پر تنطیم نے کی الہلال اسوسی ایشن کی بھرپور ستائش

بھٹکل میں بقرعید کے موقع پر قربانی کے جانوروں کے فضلات کو بحسن و خوبی رفع کرنے پر تنطیم نے کی الہلال اسوسی ایشن کی بھرپور ستائش

Mon, 27 Aug 2018 21:28:37    S.O. News Service

بھٹکل 27/اگست (ایس او نیوز)  بقر عید کے موقع پر اپنی خوشیوں کو قوم و ملت کے نام  پر قربان کرکے قربانی کے جانوروں کے فضلات  جمع کرنے اور اُنہیں ٹھکانے لگانے کی ذمہ داری بخوبی نبھانے پر جہاں  شہر بھٹکل میں الہلال اسوسی ایشن کے نوجوانوں کی ہر طرف پذیرائی کی جارہی ہے، وہیں قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم  نے بھی  نوجوانوں کی ستائش کرنے ایک تہنتی پروگرام کا انعقاد کرتے ہوئےان کی  بہترین خدمات پر پورے شہر کے مسلمانوں کی جانب سے شکریہ ادا کیا ہے۔

پیر شام قریب پانچ بجے تنظیم ہال میں منعقدہ تہنتی پروگرام میں  ذمہ داران نے اپنے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے بھٹکل مخدوم کالونی کی الہلال اسوسی ایشن کی تعریف کی اور کہا کہ نوجوانوں نے  عید کی خوشیوں کو بالائے طاق رکھ کر جانوروں کی ہڈیوں اور فضلات کو  گھر گھر جاکر اٹھانے اور اسے ٹھکانے لگانے کا جو کام کیا ہے وہ نہایت قابل تعریف ہے۔ذمہ دارن نے بتایا کہ ہر سال تعلقہ کے محکمہ کی جانب سے ہڈیوں اوردیگر فضلات کو لے کر تنظیم کےذمہ داروں سے شکایتیں کی جاتی تھی، شرپسند بھی  شرارت کرنے کے لئے ایسے ہی موقعوں کے انتظار میں رہتے تھے، مگر قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم نے  گذشتہ تین چار سالوں سے الہلال  اسوسی ایشن کو اس کام کا بیڑا اُٹھانے کی ذمہ داری سونپی، جس کے بعد سے الہلال کے نوجوان  ایک فون کال موصول ہوتے ہی متعلقہ قربانی کے گھروں میں پہنچ جایا کرتے تھے اور جانوروں کے  فضلات کو جمع کرکے اُٹھا لے جاتے تھے۔ جس سے  ایک طرف  شہرمیں صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے میں تنظیم کامیاب رہی وہیں  شہر کے  مسلمانوں نے عید بھی نہایت اطمینان اور پرسکون انداز میں منانے میں کامیاب ہوئے۔ ذمہ داران نے بتایا کہ رات کے اوقات میں بھی  الہلال کے نوجوان  ایک کال کرتے ہی اپنی گاڑی لے کر پہنچ جایا کرتے تھے اور فوری  ہڈیوں اور دیگر فضلات کو لے جاتے تھے،  چند ایک ذمہ داران نے بتایا کہ نوجوانوں نے اس بار ایسی سرعت دکھائی کہ میونسپالٹی حکام یا  حکومتی سطح پر بھی اتنا بہترین کام ممکن نہیں ہے۔

مولوی عزیزالرحمن  رکن الدین ندوی کی تلاوت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا، تنظیم جنرل سکریٹری  محی الدین الطاف کھروری نے پروگرام کی غرض وغایت بیان کرتے ہوئے  الہلال کے نوجوانوں کی ستائش کی، سکریٹری انتظامی اُمور مولوی یاسر برماور ندوی ، نائب صدر دوم   شابندری پٹیل محمد فاروق، نائب صدر سوم جناب جعفر محتشم برنی،  نقش نوائط کے مدیر مولوی عبدالعلیم قاسمی، جماعت المسلمین بھٹکل کے جان عبدالرحمن محتشم، بھٹکل میونسپالٹی کے صدر محمد صادق مٹا، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر امتیاز اُدیاور سمیت دیگر کئی ذمہ داران نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے  الہلال کے نوجوانوں کی خدمات کو خوب سراہا اور اُنہیں مبارکباد دی۔

اس موقع پر الہلال اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری عبدالرحیم کے اورصدرمولوی  شبیر گنگاولی نے تنظیم سمیت بھٹکل کے عوام نیز  میڈیا والوں کا  شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے  میونسپالٹی سمیت دیگر اسپورٹس سینٹروں کے ذمہ داران کی طرف سے بھی تعائون کئے جانے پر شکریہ ادا کیا اور اس بات کا یقین دلایا  کہ تنظیم کی جانب سے جب بھی خدمت کا موقع دیا جائے گا، الہلال کے  نوجوان ہر وقت اپنی جانب سے ہر طرح کا تعائون فراہم کرنے کے لئے تیار رہیں گے۔

تنظیم نائب صدرعنایت اللہ شاہ بندری نے صدارت کرتے ہوئے آخر میں شکریہ ادا کیا اور مولوی عبدالعلیم قاسمی کی دُعا پر جلسہ برخواست ہوا۔


Share: